میجر طفیل محمد شہید کی 68 ویں برسی، قوم کا عظیم خراجِ عقیدت
اسلام آباد: نشانِ حیدر پانے والے میجر طفیل محمد شہید کی 68 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، اس موقع پر افواج پاکستان کی جانب سے عظیم شہید کی بے مثال بہادری، حب الوطنی اور لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے خلاف کارروائی کی قیادت کرتے ہوئے غیرمعمولی جرأت، عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور مشن کی تکمیل تک اپنی ذمہ داری نبھاتے رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر طفیل محمد شہید نے انتہائی مشکل حالات میں بھی ناقابلِ تسخیر حوصلے کے ساتھ مقابلہ جاری رکھا اور اپنے مشن کو کامیابی سے مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بہادری اور قربانی کا اعتراف
میجر طفیل محمد شہید کی بے مثال جرأت اور عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں ملک کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
ان کی شہادت صرف ایک فوجی کارنامہ نہیں بلکہ وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور قربانی کی ایسی مثال ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ قابلِ فخر رہے گی۔
افواج پاکستان، فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ائیر چیف کی جانب سے بھی میجر طفیل محمد شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ان کی زندگی اور قربانی اس عزم کی یاد دلاتی ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے فرض کی ادائیگی ہر مشکل سے بالاتر ہے۔
میجر طفیل محمد شہید کی جرأت، حب الوطنی اور لازوال قربانی آج بھی ملک کے محافظوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی قربانی قومی تاریخ کا ایسا روشن باب ہے جسے ہمیشہ احترام اور فخر کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔