بھارتی ریاست بہار
|

بھارتی ریاست بہار میں مندر کے باہر بھگدڑ، 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بھارتی ریاست بہار میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے جمع ہونے والے لوگوں کے ہجوم میں اچانک بھگدڑ مچنے سے 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق افسوسناک واقعہ بہار کے اشوک دھام مندر کے باہر پیش آیا، جہاں ساون کے تیسرے سوموار کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگ پوجا کے لیے پہنچے تھے۔ مندر کے باہر عقیدت مندوں کی غیر معمولی تعداد جمع ہونے کے باعث ہجوم بے قابو ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

 

رپورٹ کے مطابق واقعے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی مراکز صحت منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد مندر اور اس کے اطراف میں افراتفری پھیل گئی جبکہ انتظامیہ نے صورت حال پر قابو پانے کے لیے اقدامات شروع کردیے۔

 

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مندر کے احاطے میں بجلی کا ایک کھمبا گرنے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا، جس کے نتیجے میں ہجوم میں اچانک بھگدڑ مچ گئی۔ تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ واقعے کی حتمی وجہ کے بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

بہار پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات اور شواہد کی تصدیق کے بعد ہی بھگدڑ کی اصل وجہ کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *