دفاعی معاہدہ مابین پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ
دنیا کی بدلتی ہوئی سیاسی اور دفاعی صورتحال میں ریاستوں کے درمیان تعلقات اب محض سفارتی بیانات اور روایتی دوستی تک محدود نہیں رہے بلکہ مشترکہ مفادات، باہمی سلامتی اور اجتماعی دفاع نے عالمی سیاست میں نئی اہمیت اختیار کر لی ہے۔ ایسے وقت میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ ایک اہم علاقائی پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ 7اگست 2026 ء کو طے پانے والے اس معاہدے نے تین اہم مسلم ممالک کو ایک ایسے دفاعی فریم ورک میں جوڑ دیا ہے جس کا بنیادی مقصد باہمی سلامتی کو مضبوط بنانا، دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے مقابلے میں مشترکہ ردعمل کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔ معاہدے کی بنیادی شق کے مطابق تینوں میں سے کسی ایک ملک پر مسلح حملہ تینوں کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔ یہ اصول بظاہر دفاعی نوعیت رکھتا ہے اور اس کا مقصد جنگ کو ہوا دینا نہیں بلکہ جارحیت کی روک تھام کے ذریعے خطے میں امن اور استحکام کو مضبوط بنانا ہے۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ تینوں کی اپنی اپنی جغرافیائی، معاشی، سیاسی اور عسکری اہمیت ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیاء کا ایک اہم ایٹمی ملک ہے جس کی مسلح افواج کو طویل دفاعی تجربہ حاصل ہے۔ سعودی عرب خلیج اور مشرق وسطیٰ میں اپنی معاشی قوت، تیل کے ذخائر، مذہبی اہمیت اور علاقائی اثرورسوخ کے باعث غیر معمولی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ ترکیہ ایک مضبوط فوجی طاقت ہونے کے ساتھ ساتھ نیٹو کا رکن بھی ہے اور دفاعی صنعت، ڈرون ٹیکنالوجی، بحری صلاحیت اور جدید عسکری پیداوار میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔ یوں دیکھا جائے تو یہ معاہدہ تین ایسے ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے جن کی صلاحیتیں ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں۔
پاکستان کی عسکری مہارت، سعودی عرب کی معاشی طاقت اور ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی مل کر ایک ایسا تعاون تشکیل دے سکتی ہیں جو آنے والے برسوں میں خطے کی تزویراتی سیاست پر اثرانداز ہو۔اس معاہدے کو اچانک سامنے آنے والی پیش رفت سمجھنا درست نہیں ہوگا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ ستمبر 2025ء میں دونوں ممالک نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ بھی کیا تھا، جس میں ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں کے خلاف جارحیت تصور کرنے کی بات شامل تھی۔ اسی طرح پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات بھی مسلسل مضبوط ہوتے رہے ہیں۔ اپریل 2026 ء میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی فوجی مذاکرات میں علاقائی سلامتی، دفاعی صنعت، تربیت، استعداد کار اور عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس پس منظر میں تینوں ممالک کا مشترکہ دفاعی فریم ورک دراصل گزشتہ کئی برسوں سے جاری تعاون کا ایک نیا مرحلہ ہے۔اس معاہدے کی سب سے اہم خصوصیت اس کا دفاعی کردار ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں اور نہ ہی اسے جارحانہ اتحاد سمجھا جانا چاہیے۔ پاکستان اور ترکیہ کی جانب سے بھی یہی موقف سامنے آیا ہے کہ معاہدے کا مقصد اجتماعی دفاع اور سلامتی ہے۔ یہ وضاحت اس لیے بھی اہم ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں کسی بھی نئے دفاعی اتحاد کو فوری طور پر کسی خاص ملک یا طاقت کے خلاف سمجھ لیا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ایک موثر دفاعی معاہدے کی اصل طاقت جنگ شروع کرنے میں نہیں بلکہ جنگ کو روکنے کی صلاحیت میں ہوتی ہے۔ پاکستان کے لئے اس معاہدے کی اہمیت کئی پہلوئوں سے ہے۔ سب سے پہلے یہ ملک کی دفاعی سفارت کاری کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
پاکستان پہلے ہی سعودی عرب کے ساتھ گہرے دفاعی تعلقات رکھتا ہے جبکہ ترکیہ کے ساتھ دفاعی صنعت اور عسکری تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ فریم ورک سے مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگراموں، انٹیلی جنس تعاون، سائبر سکیورٹی، دفاعی پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔ ترکیہ کی بڑھتی ہوئی دفاعی صنعت پاکستان کے لئے خاص طور پر اہم ہے جبکہ پاکستان کی عسکری تربیت اور تجربہ سعودی عرب کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔سعودی عرب کے لئے بھی پاکستان کی اہمیت واضح ہے۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال نے سعودی عرب کو اپنی دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ قابل اعتماد شراکت داری کی ضرورت کا احساس دلایا ہے۔ پاکستان کے ساتھ پہلے سے موجود دفاعی تعاون اور ترکیہ کی جدید دفاعی ٹیکنالوجی سعودی عرب کے لئے ایک مضبوط شراکتی نظام تشکیل دے سکتی ہے۔ دوسری طرف ترکیہ کے لئے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ تعاون مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیاء اور وسیع تر مسلم دنیا میں اس کے سفارتی اور دفاعی کردار کو مزید تقویت دے سکتا ہے۔یہ بھی حقیقت ہے کہ خطے میں پہلے ہی کئی پیچیدہ تنازعات موجود ہیں۔ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، یمن کا بحران، ایران اور دیگر علاقائی طاقتوں کے درمیان تنائو اور عالمی طاقتوں کی باہمی کشمکش نے پورے خطے کو حساس بنا دیا ہے۔ ایسے ماحول میں کسی بھی دفاعی معاہدے کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ اس کے فریق اسے جنگی محاذ آرائی کے بجائے امن، دفاع اور استحکام کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ یہ معاہدہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اس میں دفاعی تعاون کو معاشی اور تکنیکی تعاون کے ساتھ جوڑنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبے، ٹیکنالوجی کی منتقلی، تحقیق، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، ڈرونز اور جدید مواصلاتی نظام جیسے شعبے تینوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھول سکتے ہیں۔ اگر ان امکانات کو عملی شکل دی جائے تو یہ معاہدہ صرف فوجی تعاون تک محدود نہیں رہے گا بلکہ وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ مکہ مکرمہ میں ہونے والا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ صرف تین ممالک کے درمیان ایک دستاویز نہیں بلکہ بدلتی ہوئی عالمی سیاست میں ایک نئے علاقائی رجحان کی علامت ہے۔ اس کی اصل کامیابی اس بات سے طے ہوگی کہ تینوں ممالک اسے کس طرح عملی شکل دیتے ہیں۔ اگر یہ معاہدہ باہمی اعتماد، مشترکہ دفاع، جدید ٹیکنالوجی، سفارتی دانش اور علاقائی امن کے اصولوں پر آگے بڑھتا ہے تو یہ تینوں ممالک کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے لئے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔ آج دنیا کو ایسے اتحادوں کی ضرورت ہے جو جنگ کے امکانات بڑھانے کے بجائے جارحیت کو روکیں، تنازعات کو مذاکرات کی میز تک لائیں اور ممالک کو اپنی سلامتی کے ساتھ ساتھ اجتماعی امن کے لئے بھی متحد کر یں ۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یہ نیا دفاعی باب اسی سمت میں ایک اہم قدم بن سکتا ہے۔