ایرانی پہاڑی ایٹمی تنصیب مضبوط ترین قرار، امریکی بم بھی ناکافی ہو سکتے ہیں
ایران کی نئی زیرزمین ایٹمی تنصیب کے بارے میں برطانوی ماہر ارضیات نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ قدرتی ساخت کے اعتبار سے دنیا کی مضبوط ترین ایٹمی تنصیبات میں شمار ہوتی ہے، جسے روایتی طاقتور بموں سے تباہ کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تجزیہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس مقام کو ایران کے جوہری پروگرام کا اہم مرکز قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی جریدے سائنٹفک امریکن میں شائع ہونے والے مضمون کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی سے وابستہ پروفیسر رچرڈ والکر نے بتایا کہ یہ تنصیب ایران کے کوہ کلنگ گزلا کے نیچے قائم کی گئی ہے، جہاں جدید یورینیم افزودگی کی مشینیں اور ممکنہ طور پر حساس جوہری مواد محفوظ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس پہاڑ کی چٹانیں اینڈیسائٹ نامی آتش فشانی پتھر پر مشتمل ہیں، جو سختی کے عالمی پیمانے پر 6 سے 7 درجے تک پہنچتا ہے۔ یہ قدرتی ساخت عام چٹانوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط مزاحمت فراہم کرتی ہے، جس کے باعث زیرزمین تنصیبات کو غیر معمولی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے پاس موجود تقریباً 30 ہزار پاؤنڈ وزنی GBU-57 بم زیرزمین اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، تاہم ماہر ارضیات کا اندازہ ہے کہ ایسا بم اس پہاڑ میں محدود گہرائی تک ہی داخل ہو سکے گا۔
پروفیسر رچرڈ والکر کے مطابق ایرانی انجینئرز نے مبینہ طور پر ایٹمی تنصیب کی سرنگیں تقریباً 362 فٹ زیرزمین تعمیر کی ہیں۔ اگر حساس آلات اور افزودہ یورینیم واقعی وہاں محفوظ ہیں تو قدرتی چٹانی ساخت اس مقام کو روایتی فضائی حملوں کے مقابلے میں غیر معمولی تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔