جماعت اسلامی کا پیٹرولیم قیمتوں اور لیوی میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں شاہراہیں بند کرنے کا اعلان
لاہور: جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف ملک گیر احتجاج کا لائحہ عمل طے کر لیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف 7 اگست کو ملک بھر کی اہم شاہراہیں بند کی جائیں گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور بھاری ٹیکسز نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت پیٹرول پر عائد اضافی ٹیکس ختم کر دے تو قیمت ڈھائی سو روپے فی لیٹر سے اوپر نہیں جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی جنگوں کا بہانہ بنا کر پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا کو سونپ کر روزانہ کی بنیاد پر عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔ لیوی کی مد میں سالانہ 1800 ارب روپے اکٹھے کیے جا رہے ہیں جو کہ سراسر معاشی دہشت گردی کے مترادف ہے جس کا سارا بوجھ متوسط طبقے اور مزدوروں پر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا اور اس دوران ایمبولینسز کو گزرنے کے لیے راستہ دیا جائے گا۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر، تاجر برادری، طلبہ، وکلا اور نوجوانوں کو اس قومی تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے ذریعے حکمرانوں تک عوام کی آواز پہنچائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے اشرافیہ کو ملنے والی مراعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی سے اعلیٰ افسران اور ارکان اسمبلی کے پر تعیش اخراجات پورے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز معاہدوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں کیونکہ عوام ایسی بجلی کی قیمت بھی ادا کر رہے ہیں جو پیدا ہی نہیں ہو رہی۔
آخر میں انہوں نے بلوچستان اور آزاد کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل بندوق نہیں بلکہ مذاکرات اور قومی اتفاق رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر صورت جاری رکھے گی اور حکومتی رکاوٹوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔