ماضی کی بچہ
|

ماضی کی بچہ چوری کے واقعات کے باعث وارڈ میں داخلہ محدود تھا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز

اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 15 نومولود جاں بحق ہوگئے جبکہ اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران سکندر نے کہا ہے کہ ماضی میں بچوں کے چوری ہونے کے واقعات کے باعث نرسری میں داخلہ محدود رکھا جاتا تھا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آتشزدگی کے وقت اسپتال میں عملہ موجود تھا، نرسری میں 2 ڈاکٹرز اور 4 نرسز ڈیوٹی پر تھیں، ایک ڈاکٹر نے اپنی کوشش سے ایک بچے کی جان بچائی، دیگر 15 نومولود کو نہیں بچایا جا سکا۔

رانا عمران سکندر کا کہنا تھا کہ نرسری میں داخلہ محدود رکھنے کی ایک وجہ ماضی میں پیش آنے والے بچوں کی چوری کے واقعات بھی تھے،اسپتال میں فائر سیفٹی سسٹم موجود ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اگر کسی کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی, اسپتال میں 24 آکسیجن سلنڈرز موجود تھے اور ریسکیو ٹیم کو امدادی کارروائیوں کے دوران کسی بڑی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ پمز اسپتال کی نرسری میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے نتیجے میں 15 نومولود جاں بحق ہوگئے۔ اسپتال حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے جبکہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کا عمل بھی شروع کیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ایئرکنڈیشنر کے کمپریسر میں دھماکے کے بعد بھڑکی، تاہم بعد میں اسپتال انتظامیہ کی جانب سے آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بھی بتائی گئی، حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق واقعے کے وقت نرسری میں 16 بچے موجود تھے، جن میں سے ایک بچے کو لیڈی ڈاکٹر نے بحفاظت نکال لیا جبکہ 15 نومولود شدید جھلسنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ ایم سی ایچ وارڈ کی تیسری منزل پر لگی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسز نے حصہ لیا، واقعے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے، جو آتشزدگی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔

ترجمان پمز اسپتال کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام نومولود کی میتیں ان کے لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں جبکہ واقعے کے بعد اسپتال میں غم اور سوگ کی فضا ہے، انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد آتشزدگی کی اصل وجہ، ممکنہ انتظامی غفلت اور ذمہ دار افراد کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *