|

میر علی رضا قتل کیس: پولیس نے اب تک ہمارا بیان نہیں لیا، والد کا الزام

کراچی:شہر قائد میں قتل کیے گئے تاجر میر علی رضا کے والد میر حسین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے اب تک ان کا بیان ریکارڈ نہیں کیا جبکہ اہلِ خانہ کو کچھ اور بتایا جاتا ہے اور میڈیا کے سامنے مختلف مؤقف اختیار کیا جاتا ہے۔

سٹی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر حسین نے کہا کہ وہ سامنے آنے والی رپورٹس سے اندازہ لگا رہے ہیں کہ تحقیقات کس سمت جا رہی ہیں،کبھی فنانس کے مسائل کی بات کی جاتی ہے اور کبھی کوئی اور پہلو سامنے لایا جاتا ہے حالانکہ ان کے خاندان کا مؤقف قتل کی تحقیقات پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر میرے بیٹے پر قرضہ تھا تو پورے ملک پر بھی قرضہ ہے، مگر ہم قتل کی بات کر رہے ہیں اور تفتیش کسی اور سمت میں جا رہی ہے۔

میر حسین نے پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر اسامہ شیخ سے متعلق بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ منظرعام سے کیوں غائب ہیں۔ انہوں نے قبر کشائی کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاندان پہلے ہی شدید ذہنی اذیت سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس اس بات کی تحقیقات کرے کہ مقتول کی شناخت مٹانے کی کوشش کیوں کی گئی، پولیس نے ابھی تک اہلِ خانہ کا بیان ریکارڈ نہیں کیا اور انہیں ایک بات جبکہ عوام کے سامنے دوسری بات کی جاتی ہے۔

میر حسین نے مزید کہا کہ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد انہوں نے پولیس سے پوسٹ مارٹم رپورٹ طلب کی، جس کے بعد انہیں رپورٹ فراہم کی گئی، خاندان کو صرف انصاف چاہیے۔

واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت تاجر میر علی رضا کی قبر کشائی کی درخواست منظور کر چکی ہے، جس کے بعد مزید فارنزک اور تفتیشی کارروائی متوقع ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *