پاکستان کے دورۂ انگلینڈ میں بڑی تبدیلی، ٹیسٹ وارم اپ میچ اب 3 روزہ ہوگا
پاکستان کے دورۂ انگلینڈ کے دوران پی سی سی سلیکٹ الیون کے خلاف شیڈول ٹیسٹ وارم اپ میچ کا دورانیہ تبدیل کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے مقابلہ 4 کے بجائے 3 روز تک محدود کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
کینٹ کرکٹ کے مطابق پاکستان اور پی سی سی سلیکٹ الیون کے درمیان میچ بیکنہیم کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ نیا شیڈول 13 اگست سے شروع ہوگا اور مقابلہ 15 اگست تک جاری رہے گا۔
اس میچ کا انعقاد پہلے 12 اگست سے 4 روز کے لیے ہونا تھا۔ شیڈول میں تبدیلی کے باعث بدھ کے روز کے میچ کے لیے فروخت کیے گئے تمام ٹکٹوں کی رقم آنے والے دنوں میں واپس کردی جائے گی۔
دوسری جانب جمعرات 13، جمعہ 14 اور ہفتہ 15 اگست کے لیے پہلے سے خریدے گئے ٹکٹ برقرار رہیں گے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان دنوں کے ٹکٹ نئے شیڈول کے مطابق استعمال کیے جاسکیں گے۔
پاکستانی ٹیم اس وارم اپ میچ کے ذریعے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کرے گی۔ قومی ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے لیڈز میں شروع ہوگا۔
اس کے بعد دونوں ٹیمیں لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہوں گی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا، یوں تین روزہ وارم اپ میچ قومی ٹیم کی تیاریوں کا اہم مرحلہ ہوگا۔