این او سی کے بغیر ایشین لیجنڈز لیگ کھیلنے والوں کے خلاف پی سی بی کا سخت ایکشن
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زیمبیا میں جاری ایشین لیجنڈز لیگ 2026 میں بعض سابق پاکستانی کرکٹرز کی شرکت پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ این او سی کے بغیر غیر منظور شدہ ایونٹ میں حصہ لینے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بورڈ نے اس معاملے میں آئی سی سی کے ضوابط پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ایشین لیجنڈز لیگ 2026 کو نہ تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی منظوری حاصل ہے اور نہ ہی زیمبیا کرکٹ یونین نے اس ایونٹ کی باقاعدہ اجازت دی ہے۔
اسی لیے بیرون ملک کھیلنے والے تمام پاکستانی کرکٹرز، خواہ وہ موجودہ ہوں یا سابق، ایسے کسی بھی ایونٹ میں شرکت سے پہلے اپنے ہوم بورڈ سے این او سی لینے کے پابند ہیں۔
دوسری جانب آئی سی سی نے بھی تمام رکن کرکٹ بورڈز کو ہدایت جاری کی ہے کہ غیر منظور شدہ مقابلوں میں شریک ہونے والے کھلاڑیوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے۔
اسی تناظر میں پی سی بی نے خلاف ورزی کرنے والے افراد کے لیے سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے تاکہ عالمی ضابطوں پر مؤثر عمل یقینی بنایا جا سکے۔
پی سی بی نے واضح کیا کہ این او سی حاصل کیے بغیر غیر منظور شدہ لیگ میں شرکت کرنے والے افراد کو دو سال تک کسی بھی اوورسیز لیگ کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
مزید یہ کہ اس عرصے کے دوران وہ پی سی بی یا ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے تحت کرکٹ، کوچنگ، مینٹورنگ یا کسی بھی دیگر ذمہ داری کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔
بورڈ نے تمام موجودہ اور سابق کرکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک کسی بھی کرکٹ ایونٹ میں شرکت سے قبل لازمی طور پر این او سی حاصل کریں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ عالمی کرکٹ قوانین پر مکمل عمل درآمد کے لیے آئی سی سی اور دیگر رکن بورڈز کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔