ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے
حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کے چہلم کے موقع پر آج ملک بھر میں جلوس برآمد کیے جائیں گے، جن کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ جلوس کے روٹ سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ایم اے جناح روڈ بھی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شاہراہِ قائدین سے آنے والی گاڑیوں کو کشمیر روڈ اور پیپلز چورنگی کی جانب موڑا جائے گا۔ حسن اسکوائر سے آنے والی ٹریفک شارع قائدین، سوسائٹی سگنل اور تین ہٹی کے راستے لسبیلہ چوک جا سکے گی، جبکہ ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک لسبیلہ، گارڈن اور نشتر روڈ کے ذریعے اپنی منزل کی طرف روانہ ہو سکے گی۔
اسی طرح شارع فیصل سے آنے والی ٹریفک کو سوسائٹی سگنل کے ذریعے کشمیر روڈ کی جانب منتقل کیا جائے گا، جبکہ صدر سے ٹاور جانے والی گاڑیوں کو پریڈی اسٹریٹ اور آئی آئی چندریگر روڈ کا متبادل راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
ادھر اسلام آباد میں چہلم کا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہو کر امام بارگاہ اثناعشری جی-6 پہنچ گیا۔
پشاور میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال، صدر سے برآمد ہوا، جبکہ لاہور میں مرکزی جلوس صبح حویلی الف شاہ، اندرون دہلی گیٹ سے روانہ ہوگا اور کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر کوئٹہ کے قائد آباد، گوالمنڈی اور بروری کے علاقوں میں آج موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
دوسری جانب حیدرآباد میں چہلم کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ حیدرآباد، مٹیاری، دادو، سجاول، ٹنڈو اللہ یار، ٹھٹھہ اور جھرک میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔